وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 3 روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

347

دبئی : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی 3 روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، دورے کے دوران شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کے وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سمیت اعلیٰ اماراتی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں اور دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اماراتی وزارت خارجہ کے سینئر حکام ، یو اے ای میں تعینات پاکستانی سفیر افضال محمود اور دبئی میں تعینات قونصل جنرل احمد امجد علی نے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

خیال رہے شاہ محمود قریشی دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سمیت اعلیٰ اماراتی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات ، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئیں گے۔

یاد رہے  وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کے مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کریں گے اور مختلف علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے پاکستان کے نکتہ نظر کی وضاحت کریں گے۔

واضح  رہے وزیر خارجہ کا یہ دورہ ،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل ہے اور توقع ہےکہ وزیر خارجہ کے اس دورے سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔