میرپور خاص، دودھ کی فی کلو قیمت میں 16 روپے اضافہ

275

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) میرپور خاص کے گوالوں نے دودھ کی فی کلو قیمت میں 16روپے از خود اضافہ کر دیا ہے، ضلعی انتظامیہ نے دودھ کی فی کلو قیمت94 روپے مقرر کر رکھی ہے جبکہ دودھ ایک سو دس روپے کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار عوامی حقوق تحریک کے چیئرمین شادی خان کاکڑ نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھینس باڑوں کے مالکان نے چند روز قبل دودھ کی فی کلو قیمت میں 16 روپے فی کلو اضافہ کردیا ہے اس حوالے سے میں نے ضلعی انتظامیہ کو کئی بار تحریری طور پر آگاہ بھی کیا لیکن انتظامیہ مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دودھ کی فی کلو قیمت 94 روپے مقرر کر رکھی ہے لیکن اس پر بھی ضلعی انتظامیہ عمل کروانے پر ناکام ہے اور دودھ ایک سو دس روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرنے کے بجائے خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے جبکہ عوام مہنگا دودھ خریدنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ضلعی افسران اور مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کر کے انہیں اس مہنگائی کے دور میں لٹنے سے بچایا جائے دیگر صورت میں احتجاج کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمے داری انتظامیہ پر عائد گی۔