جامعہ کراچی اور پاکستان میری ٹائم کے درمیان معاہدہ

100

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی اور پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔اس حوالے سے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس کے بعد دونوں ادارے باہمی دلچسپی کے امور پر کام کرسکیں گے۔جامعہ کراچی کے 5 رکنی وفد نے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ معاہدے کے مطابق دونوں ادارے سیمینارز کے انعقاد ،طلبہ کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے پروگرامز، مضامین کی اشاعت سمیت مختلف سرگرمیوں پر مل کر کام کریں گے۔ جامعہ کراچی کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی نمائندگی ڈائریکٹر جنرل ریئر ایڈمرل محمد شعیب خٹک نے کی۔ آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عالیہ رحمن ، ڈاکٹر اسماء تبسم اور پروفیسر ثمینہ قریشی بھی موجود تھیں۔ پی ایم ایس اے کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل فیصل صادق ، ڈائریکٹر ٹریننگ کمانڈر فاروق ، ڈائریکٹر آپریشنز کمانڈر عبداللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ لیفٹیننٹ تیمور بھی تقریب میں شریک تھے۔