تنظیمی پلیٹ فارم سے فلاح و بہبود کے کام جاری رکھیں گے، بابر خان

190

شکارپور (نمائندہ جسارت) سماجی اتحاد کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری، سابقہ چیف جسٹس آغا رفیق خان درانی نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا، گڑھی یاسین سماجی اتحاد کی تقریب حلف برداری مقامی کمیونٹی ہال میں منعقد کی گئی، جس کے مہمان خاص وفاقی شریعت کورٹ کے سابقہ چیف جسٹس آغا رفیق خان درانی تھے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر مسرور احمد بجارانی، سابقہ سیپکو چیف نور احمد دایو، پروفیسر آغا وقار خان، عزیز اللہ منگی، اھلسنت و جماعت کے رہنما میاں سالم جان ہاشمی، پریس کلب کے صدر فائق خان، سید عاشق علی شاہ اور ڈی ایس پی گڑھی یاسین سمیت شہر کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سماجی اتحاد کے صدر بابر خان نے آئے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے تنظیم کے حوالے سے آگاہی دی، سماجی اتحاد کے عہدیدارن شاہین سندھی، عتیق بھٹو، قادر داد میر، ایاز شاہ بہادر سومرو اور وفا عباسی نے مہمانوں کو اجرک کے تحائف پیش کیے، سماجی اتحاد کے رہنما شفیق میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماجی اتحاد بغیر کسی فرق کے شہریوں کی خدمت کررہا ہے، شہر کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رہے گی، سماجی اتحاد کے جنرل سیکرٹری فیصل خاکی نے کہا کہ سماجی اتحاد نے قلیل مدت میں اچھے کام کیے ہیں، شہر کے معززین کا ساتھ رہا تو تنظیمی پلیٹ فارم سے فلاح و بہبود جاری رکھیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر مسرور بجارانی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ نوجوانوں کی ایک ٹیم تیار ہوئی ہے، جن کو عوامی مسائل حل کرنے کی لگن ہے، نوجوان مجھ سے مل کر اپنے شہر کی بہتری کے لیے کام کریں۔ سماجی رہنما پروفیسر وقار خان درانی نے انتظامیہ پر زور دیا کہ شہر میں امن قائم کیا جائے۔ تقریب کے مہمان خاص ریٹائرڈ چیف جسٹس شریعت کورٹ آف پاکستان آغا رفیق خان درانی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی ذات کی خدمت ایک عبادت ہے، مجھے آج خوشی ہو رہی ہے نوجوانوں میں خدمت کا جذبہ دیکھ کر، میرا ساتھ شھر کی بھلائی بہتری کے لیے سماجی اتحاد کے ساتھ رہے گا۔