جاپان: جوہری بجلی گھر کا پانی سمندر میں چھوڑنے پر احتجاج

211
ٹوکیو: جوہری بجلی گھر سے متعلق حکومتی فیصلے کے خلاف شہری احتجاجی ریلی نکال رہے ہیں

ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپان میں جوہری بجلی گھر سے نکلنے والے تابکاری پانی کو تطہیر کیے بغیر سمندر میں چھوڑنے پر شہری مشتعل ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ماہی گیر صنعت کی نمایندہ تنظیم نے فوکوشیما دائی اچی جوہری بجلی گھر سے زہریلے پانی کے اخراج اور اسے سمندر میں چھوڑنے کے حکومتی فیصلے پر سخت احتجاج کیا۔ تنظیم کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم سے ملاقات کے موقع پرتحفظات پیش کیے جانے کے باوجود حکومت نے اس منصوبے پر عمل کا فیصلہ کیا۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے ہاتھوںمیں پلے کارڈ اٹھارکھے تھے،جن پر وزیراعظم کو آبی مخلوقات کا قاتل قرار دیا گیا تھا۔ ماہی گیر تنظیم نے حکومتی فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔ بیان میں حکومت پر زور دیا گیا کہ فوکوشیما اور جاپان بھر کے ماہی گیروں کو کسی پریشانی کے بغیر کاروبار جاری رکھنے کے حوالے سے اقدامات کی وضاحت پیش کی جائے۔ واضح رہے ک ٹوکیو حکومت نے فوکوشیما دائی اچی جوہری بجلی گھر سے نکلنے والے پانی کو منگل کے روز باضابطہ طورپر سمندر میں چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ استعمال شدہ پانی بجلی گھر کے ٹینکوں میں ذخیرہ کیا جاتا ہے، جو سال بھر میں مکمل بھر جائیں گے۔