پیپلزپارٹی سے توقع نہ تھی باپ کو باپ بنا لیں گے، مولانا فضل الرحمن

609

اسلام آباد:پاکستان ڈیمو کرٹیک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی سے توقع نہ تھی باپ کو باپ بنا لیں گے، پی ڈی ایم عہدوں کے لیے لڑنے کا فورم نہیں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بہت زیادتی کی ہے، نہیں چاہتے کہ تنظیمی اختلافات چوک پر لے کر جائیں،پیپلز پارٹی کے پاس اب بھی موقع ہے کہ اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ  پیپلزپارٹی اور اے این پی کے بغیر بھی پی ڈی ایم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، 8جماعتیں حکومت کیخلاف تحریک چلائیں گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ حکومت ہٹاؤتحریک ، لانگ مارچ اور استعفوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ عوام مہنگائی، بے انصافی سے دوچار ہے،ملک قرضوں میں دھنستا جارہا ہے۔

مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے ہنگامی اجلاس میں مسلم لیگ ن، جمعیت علماءاسلام، قومی وطن پارٹی، نیشنل پارٹی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، بی این پی مینگل، جمعیت علماءپاکستان و دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنما و نمائندے شریک ہوئے تھے۔