نئی احتساب عدالتوں میںججز کی نامزدگی کیلیے خط لکھ دیا، سیکرٹری قانون

204

اسلام آباد (آن لائن) نئی احتساب عدالتوں کے قیام سے متعلق معاملے کی سماعت کے موقع پر سیکرٹری قانون کی طرف سے عدالت عظمیٰ کو بتایا گیا ہے کہ نئی عدالتوں کے اسٹاف کے لیے 40 ہزار سے زاید امیدواروں کے انٹرویو مکمل کر کے اسٹاف کی تقرریاں کر لی گئی ہیں،احتساب عدالتوں کے ججز کی نامزدگیوں کے لیے متعلقہ ہائیکورٹس کے رجسٹرار کو خط بھی لکھ دیے ہیں۔ معاملے کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔دوران سماعت جسٹس مشیر عالم نے عدالت کا وزارت قانون کی جانب سے رجسٹرار کو لکھے خطوط ریکارڈ پر لانے کا حکم دیتے ہوئے معاملے کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی ہے۔ علاوہ ازیںعدالت عظمیٰ نے واپڈ ملازمین کے الاؤنسز سے متعلق دائر اپیلیں مسترد کر دی ہیں۔  پیر کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مذکورہ بالا اپیلوں پر سماعت کی۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ واپڈا نے کچھ ملازمین کو الائونس دیا باقی ملازمین کو نہیں دیا گیا،ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ جو افسران کے لاڈلے ہیں انہیں الاؤنس دیا اور باقی ملازمین کو نہیں دیا گیا۔ عدالت عظمیٰ نے واپڈا  ملازمین کے الاؤنسز سے متعلق دائر تمام اپیلیں مسترد کر دی ہیں۔