جماعت اسلامی گلشن حدید بچائوتحریک چلائے گی،محمد اسلام

147

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلشن حدید کے عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ کریںگے۔گلشن حدید کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔سیکورٹی اور صفائی کا کوئی انتظام نہیں ہے ،عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں ،سیوریج کا سسٹم تباہ ہوچکا ہے۔ ٹوٹی ہوئی سڑکیں علاقے کی تباہ حالی کا ثبوت ہیں۔ جماعت اسلامی گلشن حدید بچائوتحریک چلائے گی۔ یہ بات جماعت اسلامی ضلع ملیر کے امیر محمد اسلام نے الحدید چوک گلشن حدید میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری ضلع سید مفخر علی، پبلک ایڈ کمیٹی ضلع ملیر کے صدر قدر گل، ناظمین علاقہ جات شاہد اللہ والا ،اویس یوسفی ،عارف مجید ودیگر نے خطاب کیا ۔محمد اسلام نے کہا کہ گلشن حدید کراچی کا ایک مثالی اور ترقی یافتہ شہر تھا لیکن ظالموں نے اسٹیل مل کے ساتھ اسٹیل مل کے مزدوروں کی بستی کو بھی تباہ وبرباد کردیا ہے ۔اسٹیل مل میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہو رہا ہے ۔یہاں سے لوگ قومی اور صوبائی اسمبلی کے ووٹ حاصل کر کے ایوانوں میں تو چلے جاتے ہیں لیکن واپس پلٹ کر عوام کا حال نہیں پوچھتے ہیں۔ بلدیاتی اداروں کے ناظمین نے بھی عوام کو مایوس کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ’’گلشن حدید بچائو تحریک‘‘شروع کر رہی ہے اور اب ہم گلشن حدید کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔