پاکستان کو موسمیاتی کانفرنس میں مدعو کیا جائے: امریکی رکن کانگریس

312

واشنگٹن: امریکی رکن کانگریس بریڈ شرمن نے صدارتی مندوب برائے موسمیات جان کیری سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی کانفرنس میں مدعو کیا جائے۔

بریڈ شرمن نے جان کیری کے نام ایک خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ میرے علم میں آیا ہے پاکستان امریکا میں ہونے والی موسمیاتی کانفرنس میں مدعو نہیں۔ پاکستان مسلسل موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ٹاپ 10 ممالک کی فہرست میں ہے۔

بریڈ شرمن نے خط میں لکھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق پاکستان کو شامل نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔ موسمیاتی تبدیلی سے 2050 تک 63 ملین ماحولیاتی تارکین وطن میں سب سے زیادہ پاکستانی ہوں گے۔

رکن کانگریس نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ فریم ورک کنونشن آن کلائمٹ چینج کا دوبار نائب صدر منتخب ہوا۔ پاکستان کو وسیع پیمانے پر جنگلات کی افزائش پر بین الاقوامی حمایت حاصل ہے۔

بریڈ شرمن نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں گرین کلائمٹ فنڈ کے شریک چیئر کے فرائض انجام دیے ہیں۔ پاکستان کے دو ہمسایہ ممالک چین اور بھارت بھی موسمیاتی کانفرنس میں مدعو ہیں۔ لہٰذا وائٹ ہاؤس موسمیاتی کانفرنس میں پاکستان کو بھی مدعو کیا جائے۔