ہیڈ ماسٹرز کو مستقل نہ کرنے پر سیکرٹری تعلیم سے جواب طلب

95

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ میں آئی بی اے ہیڈ ماسٹرز کو مستقل نہ کرنے کے معاملے پر عدالت نے سیکرٹری تعلیم سے جواب طلب کرلیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں آئی بی اے ہیڈ ماسٹر کی درخواست کی سماعت ہوئی جہاں سیکرٹری تعلیم و دیگر عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے سیکرٹری تعلیم کو ہدایت کی کہ بیچ کا راستہ نکالیں عدالت کو واضح پالیسی بتائیں، جب ان اساتذہ نے امتحان پاس کیا ہے تو کیوں مستقل نہیں کیا جا رہا؟ سیکرٹری کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ ہے کہ گریڈ 17 کی تعیناتی پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوگی، عدالت کا کہنا تھا کہ ان ہیڈ ماسٹرز کو اب کیا کرنا ہے؟ انہوں نے تو اپنا امتحان پاس کیا ہے، ان کو رکھنا ہے یا نہیں کوئی واضح پالیسی بتائیں؟ سیکرٹری تعلیم کا کہنا تھا کہ یہ ورلڈ بینک کا پروجیکٹ ہے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی بی اے ٹیسٹ پاس کیا تھا، اگر پبلک سروس کمیشن ہم سے دوبارہ امتحان لینا چاہتا ہے تو بھی ہم تیار ہیں، عدالت نے درخواست کی سماعت 5 1اپریل تک ملتوی کردی۔