عاصم احمد جاوید غنی کی جگہ چیئرمین ایف بی آر مقرر

136

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت پاکستان نے ایف بی آر میں چیئرمین سمیت اعلیٰ افسران کا تبادلہ اور تقرر کیا ہے۔ گریڈ21 کے افسر عاصم احمد کو جاوید غنی کی جگہ فوری طور پر چیئرمین ایف بی آر مقرر کیا ہے۔ جاوید غنی جولائی 2020ء سے اس عہدے پر تھے۔ عاصم احمد ان لینڈ ریونیو سروسز سے متعلق ایف بی آر کے افسر ہیں۔ انہیں سیکرٹری ریونیو ڈویژن کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے۔ یہ اضافی چارج تین ماہ کے لیے یا نئے احکامات تک کے لیے دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کمشنر ان لینڈ ریونیو اپیلز سید بن رضا زیدی کی جگہ گریڈ 20 کے افسر ساجد نذیر ملک کو کمشنر ان لینڈ ریونیو اپیلز کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ سید بن رضا زیدی کو ڈی جی پورٹ اینڈ شپنگ مقرر کر دیاگیا ہے۔ واضح رہے کہ ایف بی آر کے چیئرمین کے تقرر کے حوالے سے موجودہ حکومت اگست 2018 سے اب تک 6 چیئرمین تبدیل کرچکی ہے ۔ 29 اگست کو محمد جہانزیب خان کو رخسانہ یاسمین کی جگہ چیئرمین بنایا گیا تھا جو خود دو سال چیئرمین کے منصب پر رہیں اس کے علاوہ شبر زیدی کو مئی 2019 میں چیئرمین بنایا گیا تاہم وہ 6 جنوری کو فارغ ہوگئے۔ ان کے بعد نوشین جاوید امجد تین تین ماہ کے لیے دو مرتبہ تعینات ہوئیں ان کے بعد جاوید غنی اور اب عاصم احمد کو مقرر کیاگیا ہے۔