رمضان المبارک سے پہلے ہی 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

718

اسلام آباد: رمضان المبارک سے پہلے ہی ملک بھر میں 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی مجموعی شرح 18.43 فیصد تک پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کی جاری کردہ  رپورٹس کے مطابق ایک ہفتے میں منہگائی میں مجموعی طور پر1 فیصد اضافہ ہوا، جس میں چکن کی قیمت میں 27 روپے فی کلو اضافہ رکارڈ کیا گیا، جس کے بعدچکن کی فی کلو قیمت 264 روپے 62 پیسے ہو گئی۔

 ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آلو کی فی کلو قیمت میں 4 روپے، ٹماٹر 3 روپے 33 پیسے مہنگے ہوئے ہیں،کیلے کی فی درجن قیمت میں 5 روپے اضافہ ہوا ،گھی کی قیمت میں 1 روپے فی کلو اور بیف ڈھائی روپے فی کلو  مہنگا ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مٹن 5 روپے 16 پیسے فی کلو اوردہی، تازہ دودھ کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

جبکہ ایک ہفتے کے دوران  13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور 20 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، جس میں چینی کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 10 پیسے کمی رکارڈ کی گئی ہے،چینی کی  اوسط قیمت 100 روپے 92 پیسے سے کم ہو کر 97 روپے 82 پیسے ہو گئی ہے۔