کوٹری، شادی میں ہوائی فائرنگ، گولی لگنے سے بچی جاں بحق

207

کوٹری (بیورورپورٹ) شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے گولی لگنے سے معصوم بچی زندگی کی بازی ہار گئی۔ دولہا اور باراتی موقع سے فرار، کوٹری پولیس کا بااثر افراد کیخلاف قانونی کارروائی سے گریز، واقعہ کا مقدمہ درج نہ ہوسکا، ورثاء پر بااثر افراد کا دباؤ، ورثا کا میڈیا سے بات چیت کرنے سے انکار، بچی کی تدفین کردی گئی۔ کوٹری کے علاقہ خدا کی بستی میں سابق چیئرمین بلدیہ مختار جمالی کے قریبی عزیز زبیر جمالی کی بارات میں جمالی برادری کے افراد نے کھلے عام اسلحہ کی نمائش کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ شروع کردی، اس دوران چھت پر کھڑی 8 سالہ بچی ماہین راجپوت گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئی، جسے سول اسپتال حیدرآباد لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے کوٹری سول اسپتال لایا گیا، جہاں قانونی کارروائی کے بعد ورثاء لاش اپنے ہمراہ لے گئے۔ ورثاء نے دباؤ پر میڈیا سے بات چیت سے انکار کردیا جبکہ پولیس کسی بھی شخص کی گرفتاری عمل میں نہ لاسکی۔ آخری اطلاع تک پولیس نے واقعہ کا مقدمہ بھی درج نہیں کیا۔