قومی سیاست پراسرار محلاتی سازشوں میں الجھی ہوئی ہے، لیاقت بلوچ

423

لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی وسابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے جنوبی افریقہ میں پاکستان قومی ٹیم کی ون ڈے سیریز میں کامیابی پر پوری قوم خصوصاً نوجوانوں کے لیے خوشی اور ٹیم کے لیے مبارکباد ہے، ٹیم ورک نے قابل فخر معرکہ سر کیا ۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ  کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان سیاسی ، ریاستی امور اور حکومتی اتحاد میں انتشار اور فساد کے گرداب میں تھے اس لیے وہ ون ڈے سیریز پر توجہ نہ دے سکے اس لیے قومی ٹیم جیت گئی،کھیل اور نوجوانوں پر ریاستی نظام توجہ دے تو پاکستان میں ہر کھیل کے لیے نوجوانوں کا بڑا ٹیلنٹ موجود ہے ۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ قومی سیاست پراسرار محلاتی سازشوں میں الجھی ہوئی ہے، سینیٹ انتخابات نے سیاسی ، پارلیمانی ، حکومتی بنیادیں ہلا دی ہیں اس کی زد میں اپوزیشن جماعتیں بھی آ گئی ہیں ۔

نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ  سیاسی ، ریاستی اور جمہوری قوتوں نے صاف ستھرے جمہوری نظام کی بجائے پولورائزیشن کی سیاست کا زہر خود تیار کیا آج سب اس کا شکار ہیں ، قومی جمہوری اور دینی قوتوں کو قومی ترجیحات ، آئین کی علمبرداری اور ریاست مدینہ کی طرز پر نظام مصطفیٰ کے نفاذ کے لیے قومی ڈائیلاگ کرنا ہو گا وگرنہ بحران سب کو نگل جائے گا ۔

سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے صارفین کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ سود ، قرضے ، کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال قومی معیشت کے لیے تباہی کا باعث بن گئے ہیں ، اسٹیٹ بینک کو آزاد کر کے قومی اقتصادی وقار کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں ، قرضوں اور کرپشن کی معیشت عوام کے لیے مزید مشکلات لائے گی ۔

سابق پارلیمانی لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ صارفین کے بنیادی حقوق کی حفاظت اسلام کے معاشی نظام اور خود انحصاری کے ذریعے ممکن ہے ، سود اور قرضوں کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو ایک پیج پر لانا ہوگا جبکہ پالیسی سازی عالمی مالیاتی اداروں کی ذہنی غلامی ترک کریں اور اپنی قوم پر اعتماد کا لائحہ عمل بنائیں جماعت اسلامی سود کے خاتمہ اور اسلام کے معاشی نظام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی ۔