بد قسمتی سے پی ڈی ایم کو کمزور کیا جارہا ہے،نثار کھوڑو

153

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ورکس اینڈ سروسز ، یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدامات کے خلاف مزاحمت کرنے کے لیے بنائی گئی تھی اور تمام سیاسی جماعتیں اس سلیکٹیڈ حکومت کو نکالنے کے لیے متفق تھیں لیکن بد قسمتی سے پی ڈی ایم کو کمزور کیا جارہا ہے۔وہ ٹنڈو جام کے نزدیک حیدرآباد، میرپور خاص روڈ پر شجرکاری مہم” گوگرین پاکستان” کے سلسلے میں پودا لگانے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیک ( ن ) نے پنجاب میں پی ٹی آئی کے لیے 7 سینیٹرز کو منتخب کروانے کے لیے پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کیا اور یہی پی ڈی ایم میں تنازع کا باعث بنا ۔ ا نہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی جیت کے بعد مریم نواز نے کہا تھا کہ پیسے نہیں بلکہ ہمارے ٹکٹس کی جیت ہوئی ہے لیکن اب انکی رائے اچانک تبدیل ہو گئی ہے اور ہم نے باوجود اس کے تمام ایشوز اجلاس کے اندر حل کرنے کی تجویز دی لیکن انہوں نے پی پی پی اور اے این پی کو شوکاز نوٹس جاری کیے جبکہ اے این پی ،پی ڈی ایم سے علیحدہ ہو گئی اور کہا کہ پی پی پی شوکاز نوٹس کا جواب دے گی ۔ اس موقع پر صوبائی مشیر نثار کھوڑو کو متعلقہ افسران کی جانب سے شجرکاری مہم سے متعلق بریفنگ میں بتایاگیا کہ اس شجرکاری مہم میں پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت حیدرآباد میرپورخاص ہائی وے پر DeokJae کی جانب سے اب تک ساڑھے چار لاکھ درخت لگائے جا چکے ہے اور اس مہم کے تحت دس لاکھ درخت لگائے جائیں گے ۔