جیکب آباد ، جمس اسپتال کے ڈاکٹر کا بیک وقت دو نوکریاں کرنے کا انکشاف

278

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) جیکب آباد کی جمس اسپتال کے ڈاکٹر کا بیک وقت دو نوکریاں کرنے کا انکشاف،ڈائریکٹر نے علم ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی،جمس کے مسٹرول میں حاضری بھی لگنے لگی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے جمس اسپتال کے ملازم کو بیک وقت دو نوکریاں کرنے کاانکشاف ہوا ہے جمس اسپتال میں دو سال سے مقرر ریڈیو لاجسٹ ڈاکٹر عبدالقادر میتلو سکھر کے واپڈا اسپتال کے بھی ملازم نکلے ہیں اور بیک وقت جیکب آباد انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزز (جمس )اسپتال سمیت سکھر کے واپڈا اسپتال سے الگ الگ تنخواہیں وصول کررہے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ جمس اسپتال کی جانب سے ریڈیو لاجسٹ کو ڈہائی لاکھ سے زائد تنخواہ دی جا رہی ہے ڈائریکٹر جمس معلوم ہونے کے باوجود مذکورہ ڈاکٹر پر مہربان ہیںاس لیے بیک وقت دو نوکریاں کرنے والے ریڈیو لاجسٹ کی جمس اسپتال میں حاضری بھی لگ رہی ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جمس عبدالواحد ٹگڑ سے رابطے کی کوشش کی گئی پر ان کا نمبر اٹینڈ نہ ہوا جبکہ ڈاکٹر عبدالقادر میتلو کا کہنا تھا کہ جمس کی نوکری سے پہلی تاریخ کو استعفا دے دوں گا۔