سچل میں ریسٹورنٹ کے مالک کی ٹارگٹ کلنگ دیگر واقعات میں 6 افراد ہلاک

225

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بدھ کو شہر میں ہونے والے مختلف حادثات وواقعات میں7 افراد جاںبحق اور7 زخمی ہوگئے ۔ایک خاتون نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کی۔ تفصیلات کے مطابق منگھو پیر تھانے کی حدود میں واقع صائمہ اپارٹمنٹ کے قریب کے ایم سی کی کچراکنڈی سے ایک 40 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی جس کو تشدد کے بعد گولیاں مار کے قتل کیا گیا تھا۔ مقتول کی شناخت سلیم ولد عبدالرحیم کے نام سے ہوئی، مقتول سرجانی ٹائون کا رہائشی تھاجس کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد قتل کیا،پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کررہی ہے ۔سچل تھانے کی حدودمیں واقع ملک سوسائٹی فاریہ چوک اسکیم 33کے قریب فاسٹ فوڈ شاپ پر موٹرسائیکل سوار ٹارگٹ کلرز نے فائرنگ کر کے ریسٹورنٹ کے مالک 55 سالہ مشہود ولد ابراہیم کو ہلاک کردیا۔ اورنگی ٹائون بخاری کالونی کے قریب ٹریفک حادثے میں 45سالہ الیاس جاں بحق ہوگیا ۔شادمان2 نمبر کے قریب ایک فلیٹ میں رہائش پذیر 36سالہ ثوبیہ فاروق زوجہ سلیم نے مبینہ طورپر پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔سرسید پولیس کے مطابق اہل خانہ موت کوگھریلو پریشانیوں کی وجہ سے کی گئی خودکشی قرار دے رہے ہیں تاہم پولیس واقعہ کا ہر پہلو سے جائزہ لے رہی ہے ۔ سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے 50سالہ راہگیر کو کچل کر ہلاک کردیا۔ پورٹ قاسم کے مین گیٹ پر کھڑے ایک آئل ٹینکر کے نیچے سے 40 سالہ اعظم علی ولد پیر محمدشخص کی لاش برآمد ہوئی جس کوبدترین تشدد کے بعد قتل کیا گیا‘ مقتول کے جسم پر تشدد کے متعدد نشانات پائے گئے، ناردرن بائی پاس چھوٹا گیٹ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر 40 سالہ موٹر سائیکل سوار سعید ولد غلام جاں بحق جب کہ18 سالہ زیب شدید زخمی ہوگیا،پولیس نے لاش اور زخمی کواسپتال منتقل کردیا،صفورہ گوٹھ میں آغا خان کلینک کے قریب مسلح رہزنوںکی فائرنگ سے 45 سالہ مہربان شاہ ولد محبوب شاہ زخمی ہو گیا، کراچی اسٹیل ٹاؤن قائدہ اعظم پارک کے قریب 24 سالہ میر حسن شیخ ولد سومرو شیخ نامعلوم گاڑی کی زد میںآکر جاں بحق ہوگیا،ادھر ایف بی ایریا میں یوسف پلازہ تھانے کے قریب دو گروپوں میں تصادم کے دوران فائرنگ سے45 سالہ خالد ولد عبدالحمید جبکہ لاٹھی اور خنجر کے وار سے دو افراد لئیق اور حیدر علی زخمی ہوگئے۔ اورنگی ٹائون سیکٹر 12بروہی ہوٹل کے قریب 22سالہ عمران ولد نبی حسین سے مسلح ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پرا سے گولی مار کے زخمی کردیا،آگرہ تاج مچھر کالونی کے قریب فائرنگ کے واقعہ 25سالہ زاکر ولد عمرحکیم شدیدزخمی ہوگیا حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ۔