“فٹیف کے دباؤ پر مدارس کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے”

316

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ موجودہ نا اہل حکومت نے FATFکے دباؤ پر شاہ سے بڑھ کر شاہ کی وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے بیرونی قوتوں کی خوشنودی  کے لیے مساجد و مدارس پر قدغن سمیت وہ کام کرنے شروع کردیے ہیں،جو ماضی میں کبھی نہیں ہوئے۔

حافظ نعیم الرحمن الخدمت ویمن ونگ کے تحت قائم کیے گئے ”الخدمت خواتین کمیونٹی سینٹر“ کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کسی خوش فہمی میں نہ رہے علمائے کرام اور عوام ایسی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے حکومت اور اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود عوام کی خدمت کی ہے، الخدمت نے کورونا وباء، طوفانی بارشوں میں متاثرین کی امداد و بحالی سمیت گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں، مسائل کے حل کی جدو جہد اور عوامی خدمات کا عمل جاری رہے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ الخدمت نے بلا تفریق رنگ و نسل دکھی انسانیت کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی اسی مشن پر قائم رہے گی،الخدمت رمضان المبارک میں بھی صاحب ثروت عوام اور اہل خیر کے تعاون سے مستحق افرادکی مدد جاری رکھے گی۔