کورونا کی تیسری لہر،سول ایوی ایشن نے مسافروں کیلئے سفری پابندیاں مزید سخت کردیں

277

اسلام آباد:سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے)نےکورونا سے متاثرہ سی کیٹیگری ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے سفری پابندیاں مزید سخت کردی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس سے متاثرہ کیٹیگری سی والے ممالک کے مسافروں سے متعلق نیاہدایت نامہ جاری کردیا ہے،جس میں کہا گیا ہے کہ کیٹیگری سی ممالک کے مسافروں کیلئے ائیرلائن کو خصوصی اجازت نامہ لینا ہوگا، مسافروں کی ٹیسٹنگ، اسکریننگ، ٹریسنگ اور قرنطینہ کی لازمی شرائط کو پورا کرنا ہوگا۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کی فہرست اور شناخت کی تفصیلات سی اے اے کو دی جائیں گی، فراہم کردہ تفصیلات محکمہ ہیلتھ کے حکام سے شئیر کی جائیں گی جبکہ درکار تفصیلات ائیرلائنز چیک ان بند ہوتے ہی سی اے اے پاکستان کو بھیجیں گی۔

کیٹیگری سی میں شامل ممالک میں بوٹسوانہ، کولمبیا، کیمرون، گھانا، آئرلینڈ موزمبیق، کینیا ،نیدر لینڈ ، پیرو، پرتگال، ساؤتھ افریقہ، تنزانیہ اور زمبیا شامل ہیں۔