سندھ پولیس نے حلیم عادل شیخ کو ایک اور کیس میں گرفتار کرلیا

394

کراچی: سندھ پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کو ایک اور کیس میں گرفتار کرلیا ہے ، ان پر 2019 میں گھوٹکی میں واقع ایک پولنگ اسٹیشن پر حملے کا الزام لگایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے خلاف ہنگامہ آرائی اور سرکاری کام میں مداخلت کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی جبکہ اس وقت پی ٹی آئی رہنما جناح ہسپتال کراچی میں زیر علاج ہیں۔

قبل ازیں حلیم عادل شیخ کو گزشتہ ماہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 88 کے ضمنی انتخاب کے دوران 2 مقدمات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔

خیال رہے  وزیر تعلیم سندھ اور پی پی رہنما سعید غنی نے حلیم عادل شیخ پر ووٹرز کو ہراساں کرنے اور فائرنگ کا الزام عائد کیا تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمرا ن خان نے اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ پر درج ہونے والے دہشت گردی کے مقدمے اور سیل سے برآمد ہونے والے سانپ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم جاری کردیا تھا جبکہ اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ کو سیاسی انتقام کانشانہ بنایا جارہا ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔