جسٹس فائز کیس کی براہ راست نشریات کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

371

اسلام آباد(آن لائن)عدالت عظمیٰ نے جسٹس فائز عیسیٰ نظر ثانی کیس کی براہ راست کوریج سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ جمعرات کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 10 رکنی لارجر بینچ نے سماعت شروع کی تو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے دلائل جاری رکھتے ہوئے موقف اپنایا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ تمام مقدمات میں براہ راست کوریج ہو،صرف اپنے کیس کی براہ راست کوریج کی استدعا کی ہے، دکھانا چاہتا ہوں عدالت سب کو عوامی سطح پر قابل احتساب بناتی ہے، حکومت نے کہا لوگ جاہل ہیں عدالتی کارروائی نہیں سمجھ سکیں گے، یہ بھاشن نہ دیں کہ قوم کو عدالتی زبان سمجھ نہیں آتی،میڈیا اتنا آزاد ہے کی ساری خبریں عمران خان اور شیخ رشید سے شروع ہوتی ہیں،سانحہ کوئٹہ کی رپورٹ ردی کی ٹوکری میں پھینک دی گئی،ارشد ملک کی قابل اعتراض حالت میں وڈیو کس نے بنائی؟ڈیتھ سیل سے صولت مرزا کی وڈیو پورے میڈیا کو دی گئی،خود کو ملک کا مالک سمجھنے والے پاگل ہیں یا فرعون،عمران خان نے کہا اپوزیشن ایک جج کو اوپر چڑھانا چاہتی ہے،اپوزیشن مجھے کیسے اوپر چڑھا سکتی ہے،جج کو نکال دیں لیکن بلیک میل نہ کریں۔ جسٹس فائز نے کہاکہ وزیر اعظم نے ایک آئینی ادارے الیکشن کمیشن پر حملہ کیا ہے، ارکان سے استعفا مانگا جارہا ہے ،کل عدالت عظمیٰ کے ججز سے بھی استعفا مانگیں گے،عمران خان واحد وزیر اعظم ہیں جو ہیلی کاپٹر پر دفتر آتے ہیں،چاہتے ہیں میں صرف فیملی اور سول مقدمات سنوں،ملک ٹینکوں سے نہیں قلم سے بنتے ہیں،کچھ عرصہ بعد قائداعظم کی جگہ ضیا الحق کی تصویریں لگیں گی،حمود رحمن کمیشن رپورٹ بھی نالے میں پڑی ہے،کیا طاقتور افراد کو جاہل قوم سے ڈر ہے؟حمود رحمن کمیشن رپورٹ پر عمل نہیں کرنا تھا تو چیف جسٹس کا وقت ضائع کیوں کیا، حمود رحمن کمیشن رپورٹ کا اردو ترجمہ کیوں نہیں کرایا جاتا؟ حکومت میرے کیس میں ملزم ہے،ملزمان سے کہتا ہوں مجھے میرے سامنے ملزم بنائیں،کفر کا مطلب ہے سچ پر پردہ ڈالنا،سچ جان کر اس پر عمل نہ کرنے والے منافق ہوتے ہیں،شمالی علاقہ جات کی حقیقت بھی کوئی نہیں بتاتا،دنیا کہتی ہے محکمہ زراعت درخت لگانے کے علاوہ بھی بہت کام کرتا ہے۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے یہ بھی کہا کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی برائے راست نشر ہونا چاہیے،کابینہ میں کوئی سیاست نہیں ڈسکس ہوسکتی،وفاقی وزرا سیاسی بیانات دیتے ہیں،پی ٹی وی وزیر اعظم کی سیاسی تقریر دکھاتا ہے جو غیر قانونی ہے،میرے ہم وطنوں کی تقریر بھی برائے راست دکھائی جاتی ہے،عمران خان کا کوئی وکالت نامہ نہیں دیا گیا،بہتر ہو گا عدالت مختصر حکم جلد سنائے۔