امریکا میں اسلام کے مطالعے کا رجحان بڑھ گیا، ڈاکٹر محسن

375

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا کے چیئرمین ڈاکٹر محسن انصاری نے کہا ہے کہ گزشتہ چند برس میں مغربی معاشرے میں اسلامو فوبیا کی لہر نے وہاں موجود مسلمانوں کو خوف زدہ کرنا چاہا مگر اللہ کا شکر ہے کہ اسلام کے مخالفین کا یہ حربہ بھی ترویج اسلام کا سبب بن رہا ہے، امریکی معاشرے میں اسلام کے مطالعے کا رحجان فروغ پارہا ہے۔ ’’اکنا‘‘ امریکا میں مسلمانوں کی وہ واحد تنظیم ہے جسے امریکی حکومت نے سرکاری سطح پر تسلیم کیا ہے۔ اکنا فلاحی سرگرمیوں کے ساتھ ترویج اسلام میں بھی مصروف ہے جبکہ دنیا کے 52 سے زاید ممالک میں ’’ہیلپنگ ہینڈز‘‘ کے پلیٹ فارم سے خدمت خلق میں مصروف ہے ۔ہفتے کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’اکنا‘‘ امریکا میں مسلمانوں کی سب سے بڑی آرگنائزیشن ہے جس کے متعدد شعبہ جات ہیں۔ امریکا میں بہت سخت لاک ڈائون تھا ایسے میں ’’اکنا‘‘ کے رضاکاروں نے 20 لاکھ سے زاید لوگوں کی بلا امتیاز مذہب و ملت، رنگ و نسل خدمت کی۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر محسن انصاری نے بتایا کہ پاکستان کے مانسہرہ میںہمارا ایک بڑا کامیاب منظم اسپتال ہے جو فزیو تھراپی کا میڈیکل کالج بھی ہے۔ یہاں مصنوعی اعضا بھی بنتے ہیں اور جہاں ہر طرح کے معذور افراد کا علاج معالجہ کیا جاتا ہے۔ کراچی میں سپر ہائی وے پر ہمارا 10 ملین ڈالر کا پائلٹ پروجیکٹ شروع ہوچکا ہے۔ جہاں معذور افراد کے علاج کے لیے اسپتال کے علاوہ یونیورسٹی بھی قائم ہوگی۔ بزرگ شہریوں کی خدمت کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے امریکا میں 19 شیلٹر ہومز ہیں ۔ انہوں نے صحافیوں کو دعوت دی کہ وہ سپر ہائی وے پر واقع ہمارے پروجیکٹ کا دورہ کریں۔