عراق: بیٹے کے اغواکاروں کو للکارنے والا باپ قتل

279

21 سالہ عراقی کارکن الجسب کو اغوا کرنے والی ملیشیا ‘انصاراللہ الاوفیاۃ’ کیخلاف مہم چلانے والے والد کو سر پر گولی مار کر قتل کردیا گیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق آزاد انسانی حقوق کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ جسب حطاب عبود کو سر پر گولیوں کی بوچھاڑ کرکے قتل کیا گیا۔ یہ فائرنگ جنوبی عراقی شہر عمارہ میں کل شام 6 بجے ہوئی۔

مقامی سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے تاحال مجرموں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

عبود کو اپنے بیٹے علی جسب کو انصاف دلانے کی مہم چلانے کیلئے جانا جاتا تھا۔ الی جسپ جو کہ ایک وکیل ہیں، اکتوبر 2019 میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران متعدد کارکنوں کے ساتھ لاپتہ ہوگئے تھے۔

لاپتہ کارکنوں کے بیشتر خاندان انتقامی کارروائیوں کے خدشات کے سبب خاموش ہوچکے ہیں۔ تاہم عبود نے عوامی سطح پر ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا انصاراللہ الاوفیاۃ پر اپنے بیٹے کو اغوا کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور اس گروپ کے رہنما کو عدالت میں لے جانے کیلئے مہم چلا رکھی تھی۔