سندھ ہائی کورٹ کا 14 بچوں کی فوری بازیابی کا حکم

75

کراچی (آن لائن )سندھ ہائیکورٹ نے بچوں کی بازیابی سے متعلق پولیس کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کئی برسوں سے لاپتا 14بچوں کی فوری بازیابی کا حکم دے دیا۔سندھ ہائیکورٹ نے گمشدہ بچوں کی عدم بازیابی پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے بچوں کی بازیابی سے متعلق پولیس کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہارکیا۔عدالت نے ریمارکس دیے پولیس کی کارکردگی غیرمو¿ثرنظر آتی ہے، لاپتا بچوں کو اگرکسی منظم گروہ نے اغوا کیا ہے تواس کیخلاف کارروائی کریں۔ ایڈیشنل آئی جی سی آئی اے نے عدالت کوبتایا 36بچے لاپتا تھے زیادہ تربازیاب کر الیے ہیں،14بچے اب بھی باقی ہیں جبکہ 2مزید بچوں کا سراغ لگا لیا گیا ہے ان کے ڈی این اے کرانے ہیں۔عدالت نے استفسارکیا کراچی سے لاپتا بچی ندا کی بازیابی کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں۔ جس پر حکام نے بتایا کہ بچی ندا کے اغوا میں ملوث مبینہ ایک ملزم کو گرفتار کرلیالیکن بچی کے اغوا میں ملزم کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔ سند ھ ہائیکورٹ نے کئی برسوں سے لاپتا 14بچوں کی فوری بازیابی کا حکم دیتے ہوئے 13اپریل تک پیش رفت رپورٹ طلب کرلی اور سماعت ملتوی کردی۔