این اے 249سے ٹکٹ ملنے پر مفتاح اسماعیل کا قیادت سے اظہار تشکر

105

کراچی(نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249سے ٹکٹ ملنے پر پارٹی قیادت سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا جبکہ سیکرٹری اطلاعات سندھ خواجہ طارق نذیر نے کہاہے کہ عام انتخابات میں اس نشست پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو دانستہ شکست سے دوچار کرایا گیا، 2018ءمیں ہونے والی دھاندلی کا جواب حلقے کے عوام ضمنی الیکشن میں دیں گے۔ اپنے جاری مشترکی بیان میں مفتاح اسماعیل اور سیکرٹری اطلاعات سندھ خواجہ طارق نذیر نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی کی سلیکٹڈ حکومت سے اکتاچکے ہیں اور مسلم لیگ کی جیت پی ٹی آئی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ این اے 249کے متوقع الیکشن میں مسلم لیگ(ن)کی کامیابی روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ہم یہاں سے مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرادیں گے۔کارکن ضمنی الیکشن کی تیاری شروع کردیں۔