نائیجیریا: بحری قزاقوں نے بھاری تاوان کے عوض چینی جہاز کے عملے کو رہا کردیا

312

ابوجہ:نائیجیریا میں چینی بحری جہاز کے عملے کو قزاقوں نے بھاری تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کردیا۔

 نائیجیریا میں فروری کے پہلے ہفتے میں مچھلی کا شکار کرنے والے چین کے بحری جہاز پر قزاقوں نے حملہ کرکے عملے کے 14ارکان کو اغوا کرکے جہاز کو ایک جزیرے پر چھوڑ دیا تھا۔ایک ماہ تک قزاقوں اور نائیجیریا کی حکومت کے درمیان جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد  مغویوں کو 3لاکھ امریکی ڈالر کے عوض رہا کردیا گیا۔

بحری جہاز کے مغویوں میں 6 چین، 3انڈونیشیا، 4نائیجیریا اور ایک گبون کا شہری شامل تھا، نائیجیریا کی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل محمد یحیی نے بتایا کہ تاوان کی ادائیگی کے بعد قزاقوں نے جہاز کے رہا کیے گئے عملے کو چینی ماہی گیری کی کشتی کے ذریعے واپس بھیج دیا۔

واضح رہے کہ خلیج گیانا میں بحری جہازوں کے عملے کے اغوا برائے تاوان کی وارداتیں عام ہوگئی ہیں بالخصوص سینیگال سے انگولا جانے والے بحری راستہ غیرمحفوظ ہوگیا ہے۔