عورت کو مکمل حقوق دلانے کی جدوجہد جاری رہے گی‘ حسین محنتی

279

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مغرب عورت کو شمع محفل جبکہ اسلام عورت کو گھر کی ملکہ کا درجہ دیتا ہے ۔ مغرب میں خاندانی نظام ٹوٹ رہا ہے۔ خواتین کے حقوق کے نام پر ایسے نعرے دیے جارہے ہیں تاکہ ہمارا خاندانی نظام بھی تباہ ہوجائے بعض ٹی وی ڈراموں سے لیکر میرا جسم میری مرضی جیسے نعرے بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ صرف گذشتہ 6 ماہ کے دوران کراچی میں 15 ہزار سے زائد طلاق و خلع کی درخواستیں جمع ہوئی ہیں۔ 8 مارچ یوم خواتین کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں صوبائی امیر نے مزید کہا کہ 8 مارچ کو دنیا بھر میں یوم خواتین کے طور پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد خواتین کو تحفظ،وراثت میں حصہ سمیت ان کے حقوق کیلیے آواز بلند کرنا اور انہیں ہر قسم کے تشدد سے بچانا ہے مگر بد قسمتی کے ساتھ اس دن کو بھی بعض قوتیں خواتین کے حقوق کے نام پر اپنی نمائش کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حجاب پردہ خاتون کے لیے سب سے بڑا تحفظ ہوتا ہے جس کی وجہ سے ان کی عزت و احترام و تکریم میں اضافہ ہوتا ہے مگر اس کو بھی مغرب نواز قوتیں ترقی کی راہ میں رکاوٹ سمجھ کر مادر پدر آزادی اور اپنے مذموم مقاصد کیلیے استعمال کرتی ہیں۔ گذشتہ سال میرا جسم میری مرضی کا نعرہ لگا کر عورت کو تماشہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان 11 فروری سے ملک میں استحکام خاندان مہم چلا رہی ہے جس میں خواتین کانفرنس، مذاکرے اور اجتماعات منعقد کئے جارہے ہیں جس کا مقصد عورت کو حقیقی شعور، زندگی کا مقصد، بیوی، بیٹی، ماں کی صورت میں ان کا کردار کیا ہونا چاہیے۔ ساتھ ہی ان کے حقوق و معاشرے میں اعلیٰ مقام ملنا چاہیے۔ جماعت اسلامی عورت کو پردہ کے ساتھ جائز مقام اور مکمل حقوق دلانے کی جدوجہد کر رہی ہے جس کا اسلام نے انہیں حق دیا ہے۔ حلقہ خواتین کا کردار اس حوالے سے قابل تحسین ہے۔ جس نے عورت کو اسلام کے دائرے میں رہتے ہوئے انتخابات سمیت معاشرے کے مختلف میدان میں کردار ادا کرنے کیلیے تیار کیا ہے۔صوبائی امیر نے خواتین اسلام پر زور دیا کہ وہ این جی اوز کے جھوٹے پروپیگنڈے میں ہرگز نہ آئیں۔ خواتین جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ ہم کو حقیقی معنیٰ میں اسلامی، فلاحی و خوشحال پاکستان بناکر بانی پاکستان قائد اعظمؒ کا خواب شرمندہ تعبیر کرسکیں۔