کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی

351

کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین کراچی ایکسپریس روہڑی کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ٹرین کو روہڑی اور پنوں عاقل کے درمیان مندو ڈیڑو سانگی میں حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں خاتون جاں بحق جب کہ 40 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔

ٹرین کراچی سے لاہور جا رہی تھی کہ راستے میں ٹرین کی 9 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، اس میں سے 5 بوگیاں کھائی میں جا گریں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچی اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔ پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے اہلکار بھی ٹیموں کے ہمراہ تھے۔

زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ 30 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا۔ جب کہ 10 سے زائد زیرِ علاج ہیں۔