ملک پر مفاد پرستوں کا راج،وزیراعظم کی تبدیلی کا وقت آچکا ،صفدر ہاشمی

134

ملتان (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے ملتان کے مختلف علاقوں میں جلسہ عام کے سلسلے میں جاری تنظیمی اور دعوتی دوروں کے دوران کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سراج الحق امیر جماعت اسلامی پاکستان نے سینیٹ میں رہتے ہوئے پاکستان کے عوام کی ترجمانی کی۔ ملک پر مفاد پرست مافیاز کا راج ہے، عمران خان جو تبدیلی کا نعرہ لگاتے ہیں، اب ان کی تبدیلی کا وقت آچکا ہے، ضمیر فروش اراکین کے ساتھ انہیں مزید وزیراعظم رہنے کا حق حاصل نہیں رہا۔ پاکستان کے عوام کو حقیقی تبدیلی نظام کی تبدیلی کی صورت میں میسر آئے گی۔ نظام کی تبدیلی جماعت اسلامی کی قیادت کے ذریعے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی طرح شہر ملتان کے رہنے والے بے امنی سے پریشان ہیں، چوری ڈکیتی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوچکا ہے، مہنگائی میں اضافہ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بجلی کے نرخ آئے روز تبدیل ہورہے ہیں، حکومت عوام کے بجائے آئی ایم ایف کی غلام بنی ہوئی ہے، جسے اللہ کا کوئی خوف نہیں، لوگ خودکشیوں پر مجبور ہیں جبکہ حکمران اپنی عیاشی میں مصروف نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 21 مارچ کو ملتان چنگی نمبر 9 پر عظیم الشان جلسہ عام ہوگا، جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق خطاب کریں گے اور جنوبی پنجاب کا چارٹر آف ڈیمانڈ بھی پیش کریں گے۔ اس موقع پر صدر جے آئی یوتھ فیضان جہانگیر، جنرل سیکرٹری جے آئی کسان بابر درانی اور دیگر بھی موجود تھے۔