ٹیکسوں کے نظام کو تبدیل کرکے سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے

164

لاہور(کامرس ڈیسک)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہا ہے کہ اب ٹیکسو ں کے نظا م کو تبدیل ہو نا چا ہیے جو کہ سر مایہ کاری کے فروغ ، پیداوار کو بڑھانے اور معیشت کو تر قی دے جبکہ ایف بی آر مو جو دہ نظام محصولا ت میں صر ف اضا فہ کر رہا ہے ،ایف بی آر اسٹیک ہولڈر کے ساتھ بات چیت کے لئے وزیر اعظم کی ہدایات پر عمل کریں، ایف بی آر کی جانب سے سی این آئی سی کا مسئلہ کوویڈ 19 کے باوجود حل نہیں ہوا، اس معاملے نے کاروباری سرگرمیاں کم کردی ہیں۔ان خیالات کا اظہار فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کے سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم، ریجنل چیئرمین چوہدری محمد سلیم بھْلراورسابق صدر میاں انجم نثار نے سرگودھا چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز کے زیر اہتمام پہلی آل پاکستان چیمبرز کانفرنس آف اسمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میںایف پی سی سی آئی کے مرکزی قائدین سمیت ملک بھر کے چیمبرز آف ا سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سرگودھا، انجمن تاجران، ڈسٹری بیوٹر کونسل کے قائدین نے بھی خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم نے کہاکہ حکومت کوئی بھی پالیسی بنانے سے پہلے ایف پی سی سی آئی اور دیگر متعلقہ ٹریڈ باڈیز کو اعتماد میں لے کر پالیسیز بنائے،مشاورت کے بغیر بنائی گی پالیسز کامیاب نہیں ہو سکتیں۔انہوں نے ایف بی آر پر زور دیا کہ وہ اسٹیک ہولڈر کے ساتھ بات چیت کے لئے وزیر اعظم کی ہدایات پر عمل کریں۔انہوں نے سرگودھاکے اندر ڈرائی پورٹ کے قیام کو مقامی کاروباری برادری کے لیے مثبت اقدام قرار دیا۔ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین چوہدری محمد سلیم بھْلر نے کہاکہ ایف بی آر کی جانب سے سی این آئی سی کا مسئلہ کوویڈ 19 کے باوجود حل نہیں ہوا، اس معاملے نے کاروباری سرگرمیاں کم کردی ہیں۔کاروباری شعبوں پر متعدد قوانین اور ضوابط نافذ کردیئے گئے ہیں جبکہ اعلی سطحی میٹنگوں میں ایف بی آر کے اہلکار جواب دینے سے قاصر ہیں جو محض وقت طلب نہیں ہے۔ انہو ں نے مزید کہاکہ ایف بی آرایف پی سی سی آئی کے ممبروں کے ارسال شدہ مسائل کاکو ئی جواب نہیں دیتی ہے۔ ایف بی آرمحصولا ت وصول کرنے والے ذرائع کو نظر انداز کر رہی ہے جو کہ اس کی ذمہ داریو ں کے بر عکس ہے۔