بھارت: بی جے پی رہنما کے بیٹے نے سازش رچانے کیلئے خود پر گولی چلوادی

298

لکھنؤ: بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کوشل کشور کے بیٹے آیوش پر فائرنگ کے واقعے میں ایک نیا موڑ آگیا ہے۔ پولیس کے مطابق آیوش نے اپنے سالے سے گولی چلانے کا کہا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے پوچھ گچھ کے دوران آیوش کے سالے نے تمام راز کھول دیئے۔ لکھنؤ پولیس کمشنر ڈی کے ٹھاکر نے کہا کہ یہ واقعہ رات کے تقریباً 2 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا۔

ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ آیوش پر کچھ نامعلوم حملہ آور گولی چلاکر فراد ہوگئے تاہم سالے کے انکشاف کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ آیوش نے اپنے آپ پر گولی چلوائی۔

تفتیش کے مطابق آیوش نے گزشتہ سال محبت کی شادی کی تھی جس کے بعد سے ہی وہ اپنے والد سے علیحدہ رہ رہا تھا۔ سالے نے پولیس کو بتایا کہ آیوش نے اُس سے کہا تھا کہ چندن گپتا، منیش جائسوال اور پردیپ کمار سنگھ نامی اشخاص کو پھنسانا ہے کیونکہ ان کے کوئی رنجش تھی۔ اس لیے ان لوگوں کو پھنسانے کے لیے سازش رچی گئی تاکہ ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جاسکے۔

آیوش کو واقعے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں طبی امداد کے بعد ان کو خطرے سے باہر بتایا گیا۔