بارہ مارچ کا جلسہ عوام کیلیے روشنی کی کرن ثابت ہوگا

176

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے ضلعی جنرل سیکرٹری ملک معراج الدین،رائونصرت علی،میاں اعجاز حسین اور انتظامیہ کمیٹی کے دیگر ارکان کے ہمراہ 12مارچ کے جلسہ عام کے سلسلہ میں دھوبی گھاٹ گرائونڈ کا جائزہ لیا۔فوکل پرسن ملک معراج الدین نے انہیں انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ 12مارچ کا جلسہ مہنگائی،بے روزگاری کے ستائے عوام کے لیے روشنی کی کرن ثابت ہوگا،تبدیلی کانعرہ مذاق بن چکا ہے، فیصل آباد کے ہزاروں غیور عوام کی جلسہ میں شرکت تبدیلی سرکارکے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگی۔کارکن جلسہ کو مثالی اور یادگار بنانے کے لیے میدان عمل میں نکل آئیں،شہرکے ہرفرد تک دعوت پہنچائی جائے،عوام موجودہ حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں۔ جماعت اسلامی کی عوامی امنگوں پر پورااترے گی ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے ڈھائی سال میں بیڈ گورنس کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، خوشنما نعروں اور بلند وبانگ دعوئوں پر ووٹ دینے والے بددل اور مایوس ہوکر حکومت کا ماتم کررہے ہیں۔جتنی جلدی موجودہ حکومت ناکام ہوئی ہے ملکی تاریخ میں کوئی دوسری حکومت ناکام نہیں ہوئی۔ملک میں قیادت کا ایک خلا پیدا ہوچکا ہے جسے صرف جماعت اسلامی پر کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے تکلیف میں مبتلا کررکھا ہے ۔اس وقت مہنگائی کا ایک طوفان ہے جس میں عوام چیخ و پکار کررہے ہیں مگر وزیر اعظم اور ان کی معاشی ٹیم آئی ایم ایف کے سامنے بے بس ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان غریب نہیں بلکہ ہر طرح کے معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے لیکن حکمرانوں کی کرپشن اور وسائل کی لوٹ کھسوٹ کی بدولت نام نہاد حکومتوں نے پاکستان کو ایک مقروض ملک اور اس کے عوام کو ذلیل و خوار کر کے رکھ د یاہے ۔ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا تھا اس لیے یہاں اسلامی اصولوں پر رائج قوانین ہی ملک کو ترقی اور خوشحالی کی منزل پر لے جا سکتے ہیں۔