حیدرآباد:خستہ حال سڑکیں شہریوں کیلیے وبال جان بن گئیں،حافظ طاہر مجید

118

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنر ل سیکرٹر ی حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ شہراور لطیف آباد کے مختلف علاقوں میں گیس لائن کی تنصیب کے لیے کھودی جانے والی سڑکیں شہریوں کے لیے وبال جان بن گئی ہے۔جس کے نتیجہ میں علاقہ مکینوں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے مگر ذمہ دار ادارے اس پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔علاقہ مکینوں کا گھر سے نکلنا دشوار ہو گیا ہے، مٹی او ر دھول کی وجہ سے لوگ بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، روڈ پر کھدائی کے باعث سنگل گاڑی بھی نہیں گزر سکتی جس کے نتیجہ میں ٹریفک پھنس جاتی ہے اور لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،جبکہ ا سکول جانے والے کئی بچے روڈ سے گزرتے ہوئے گڑھے میں گر کر زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلد سے جلد کھودے گئے گڑھے کی بھرائی کے ساتھ ساتھ اس روڈ کی مرمت کروائی جائے۔