شکارپور:بے امنی کا گڑھ بن گیا ،دو افراد قتل،شہری خوف میں مبتلا

73

شکارپور (نمائندہ جسارت)دو دن سے لاپتا نوجوان کی نعش برآمد، ضلع بےامنی کا گڑھ بن گیا، ایک ہفتے کے دوران دو افراد اغوا اور دو افراد کو قتل، ایک ہفتہ قبل گڑھی یاسین سے نوجوان سہیل کاکیپوٹو لاپتا ہوا تین دن بعد لاش ملی، ایک ہفتہ قبل رستم تھانے کی حدود سے اغوا ہونے والے دو مغوی اسد آرائیں اور شاہد قریشی بھی تاحال بازیاب نہ ہوسکے شہری خوف میں مبتلا۔ تفصیلات کے مطابق نیا رستم کا رہائشی رفیق سومرو دو دن سے لاپتا تھا جس کی رستم تھانے کی حدود نور واہ کینال کے قریب لاش برآمد ہوئی اطلاع ملنے پر بڑی تعداد میں علاقہ مکین جائے وقوع پر پہنچ کرلاش کو گڑھی یاسین اسپتال منتقل کردیا واقعے کے بعد مقتول کے ورثا اور شہریوں کا قاتلوں کی گرفتاری کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرین نے کہا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ظالموں نے ظلم کرکے ہمارے نوجوان کا گلا دبا کر قتل کیا ہے جب تک قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جائے گا تب تک احتجاج جاری رہے گا۔ ایس ایچ او رستم نے پہنچ کر مظاہرین کو یقین دلایا کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پولیس نے مزید کہاکہ نوجوان کے قتل کی تحقیقات کی جارہی ہے جلد حقائق سامنے لاکر ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ضلع بھر میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں تو معمول بنی ہوئی ہیں لیکن آئے دن شہریوں کو اغوا کرکے قتل کرنا بھی معمول بن گیا ہے ،ایک ہفتہ قبل گڑھی یاسین سے نوجوان سہیل کاکیپوٹو لاپتا ہوا تین دن بعد لاش ملی جس کے قتل کی تحقیقات ابھی تک نہیں ہوئی۔ دوسری جانب آٹھ روز قبل رستم تھانے کی حدود سے اغوا ہونے والے مغوی اسد اللہ آرائیں اور شاہد قریشی بھی تاحال بازیاب نہ ہوسکے۔