ڈالر کی قیمت ایک سال کی کم ترین سطح پر آگئی، سونے کی قدر میں بھی بڑی کمی

540

کراچی: ملکی زرمبادلہ مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر ایک سال کی کم ترین سطح پرآگئی، جبکہ سونے کی قیمت میں بھی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 19 پیسے کمی کے بعد 157 روپے 85 پیسے پر بند ہوئی ہے،جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 40 پیسے کمی کے بعد 157 روپے 90 پیسے پر بند ہوئی ہے۔

دوسری جانب فی اونس 24 قیراط سونے کی قیمت 13 ڈالر کی کمی سے 1730 ڈالر کی سطح پر آگئی ہے، جس کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی منگل کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1050 روپے اور 900 روپے کی کمی واقع ہوئی۔

ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر1 لاکھ 7 ہزار 200 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 91 ہزار 907 روپے ہوگئی۔