سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

321

تحریک انصاف پاکستان کے رہنما سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ الیکشن 2021 لڑنے کی اجازت مل گئی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بیچ نے سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ الیکشن کے لیے نااہل قرار دینے کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت پر درخواست گزار کے وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل نمٹاتے ہوئے سیف اللہ ابڑو کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو حکم دیا کہ الیکشن کے بعد متعلقہ فورم سے رجوع کیا جائے۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کل بروز 3 مارچ سینیٹ الیکشن ہیں لہٰذا الیکشن کے بعد سیف اللہ ابڑو کی نااہلی چیلج کر دیجیے گا۔ عدالتی فیصلے موجود ہیں کہ الیکشن کے بعد کاغذات نامزدگی چیلنج کیے جاسکتے ہیں۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ آپ کے پاس انتخابات کے بعد الیکشن پٹشن دائر کرنے کا راستہ موجود ہے۔

عدالت نے نوٹس جاری کرنے کی وکیل کی  استدعا مسترد کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

سیف اللہ ابڑو سندھ سے ٹیکنو کریٹ کی نشست پر تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ الیکشن میں امیدوار ہیں۔ ان پر ٹیکنو کریٹ کی تعریف پر پورا نہ اترنے کا الزام تھا۔