شمال مشرقی شام میں پھنسے بچوں کی آزادی کا مطالبہ

186
شام: خانہ جنگی کے باعث بے گھر ہونے والے بچے خیمہ بستیوں میں امداد وصول کررہے ہیں

نیو یارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ نے اپیل کی ہے کہ شمال مشرقی شام میں قائم جیلوں اور کیمپوں میں موجود تمام بچوں کو گھر جانے کی اجازت دی جائے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف کی جانب سے یہ اپیل الہول کے کیمپ میں آتش زدگی کے واقعے میں 4 بچوں کی ہلاکت کے بعد سامنے آئی ہے۔ اس کیمپ میں دہشت گرد تنظیم داعش لڑائی کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد کو رکھا گیا ہے۔ عالمی ادارے کے مطابق شمال مشرقی شام میں ہزاروں شامی بچوں کے علاوہ 60 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 22 ہزار بچے مختلف جیلوں اور کیمپوں میں موجود ہیں۔ دوسری جانب شام کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اتوار کے روز شامی دفاعی نظام نے دمشق کی فضا میں اسرائیلی میزائل تباہ کر دیے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل نے گولان کے پہاڑی سلسلے کی جانب سے کئی میزائل داغے، جن میں سے زیادہ تر کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔ فی الحال ان حملوں کی وجہ سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے ان شامی رپورٹوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔