آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈماسٹرزکا پریس کلب کے باہر مظاہرہ

197

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈماسٹرز و ہیڈمسٹریسز کا نوکریوں سے جبری برطرف کرنے، مستقل نہ کرنے اورہیڈماسٹرز کا اشتہار جاری کرکے زبردستی امتحان کی شرط مسلط کرنے کے خلاف کراچی پریس کلب سامنے مظاہرہ کیا گیا۔گزشتہ روز سندھ بھر کے ہیڈماسٹرز نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کردیا۔مظاہرین نے بتایا کہ آئی بی اے سکھر سے امتحان پاس کرنے اور 4سال سے تسلی بخش کارکردگی پیش کرنے کے بعد ہماری نوکریوں کو مستقل کرنے کے بجائے دوبارہ امتحان لیا جا رہا ہے جو کہ سراسر ناانصافی ہے،جس کو مکمل طور پر رد کرتے ہیں۔ ایاز تنیو و دیگرہیڈماسٹرز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے مستقلی کے حق میں سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد بینچ میں درخواست دائر کی ہوئی جس پر معزز عدالت نے درخواست گزار ہیڈماسٹرز کے خلاف کوئی بھی کارروائی کرنے پر منع کرنے کا حکم جاری کیا ہوا ہے، اس کے ساتھ ساتھ عدالت نے یہ بھی حکم جاری کیا ہوا ہے عدالت کے حتمی فیصلے تک ہماری نوکریوں کو ختم نہ کیا جائے اور ساتھ ہی تنخواہیں اور مراعات بھی جاری رکھی جائیں۔ دوبارہ امتحان کی شرط سرعام عدالت کے احکامات کی نافرمانی ہے۔ہیڈماسٹرز نے پرزور مطالبہ کیا کہ تمام ہیڈماسٹرز اور ہیڈمسٹریسز کی مستقلی کے اہم معاملے پر سنجیدگی کے ساتھ غور و فکر کیا جائے اور جلد از جلد دوبارہ امتحان کی شرط کا فیصلہ واپس لیا جائے،بصورت دیگروزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔