بے گھر ہونے سے بچایا جائے،اورنگی ٹاؤن کے مکینوں کا احتجاج

113

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹاؤن کے رہائشیوں نے وزیر اعظم عمران خان ، عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس اور وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ تجاوزات کی مسماری کے نام پر انہیں بے گھر ہونے سے بچایا جائے، کراچی پریس کلب پر اورنگی ٹاؤن کے باسیوں نے مظاہرہ کیا ، جس میں سیکڑوں کی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شریک تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ شہر قائد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے تاہم تعمیرشدہ گھروں کو مسمار کرنے سے پہلے متبادل فراہم کیا جائے،لوگوں کو بے گھر ہونے سے بچایا جائے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اورنگی کے متعدد مکانات کے ایم سی نے لیز کیے تھے، جن کے کاغذات بھی موجود ہیں،اورنگی ٹاون لوئر مڈل کلاس آبادی پر مشتمل ہے، اگر یہاں کے مکینوں کو تجاوزات کے انہدام کے نام پر بے دخل کیا گیا تو انسانی المیہ جنم لے گا۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعمیرشدہ گھروں کو مسمار کرنے سے پہلے متبادل دیں،جن افراد نے قبضے کرائے ان کے خلاف کارروائی ہو نی چاہیے۔ مظاہرین نے عدالت عظمیٰ سے اپیل ہے کہ چیف جسٹس ہدایات جاری کریں کہ جو بھی سیاسی شخصیات اور افسران تجاوزات کی سرپرستی کرتے رہے ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ ایس بی سی اے کے افسران اربوں روپے کی کرپشن کر کے آج ملک سے باہر ہیں،کروڑ پتی ہونے والے افسران ملک کے اندر اور باہر کاروبار کر رہے ہیں۔