سینٹ انتخابات: وزیر اعظم نے اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں تیز کردیں

239

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سینٹ انتخابات کے سلسلے میں اپنی تمام سرکاری مصروفیات کو ترک کرتے ہوئے تین درجن سے زائد ممبران اسمبلی سے ملاقات کی وہ سینٹ  انتخابات میں پی ٹی آئی کی اگلی صفوں میں رہ کر قیادت کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نےحکومتی اتحاد میں شامل ممبران اسمبلی  کے لیے ظہرانے کا بھی اہتمام کیا ہے جس کا انعقاد انتخابات سے ایک دن قبل آج  وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبران اسمبلی نے وزیر اعظم سے ملاقاتوں کے دوران حلقے کے لیے ترقیاتی فنڈ جاری کرنے کی گذارش کی، ان ملاقاتوں میں گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے. وزیر اعظم نے ممبران اسمبلی کو حکومتی اتحاد کی حمایت کرنے کو کہا۔

کچھ  ممبران اسمبلی نے وزیر اعظم سے علیحدگی میں جب کے کچھ افراد نے وفد کی صورت میں ملاقات کی۔

 وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے ممبران اسمبلی میں گل داد خان، گل ظفر خان، جواد حسین، محمد اقبال آفریدی، ساجد خان، ڈاکٹر حیدر علی، نور عالم خان، محمد اسلم بھوٹانی، عظمیٰ ریاض، ظلِ ہما، نفیسہ خٹک اور شندانی گلزار شامل ہیں۔

حیران کن طور پر الیکشن کمیشن کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان تمام ملاقاتوں میں گورنر پنجاب موجود رہے جبکہ الیکشن کمیشن نے گورنر اور صدر پاکستان کی سینٹ انتخابات کے حوالے سے مہم جوئی پر پابندی لگا رکھی ہے۔

واضح رہے کہ  بدھ کو چیئرمین سینٹ  کے لیے  پی ٹی آئی کے امیداور  عبد الحفیظ شیخ اور پی ڈی ایم کے  یوسف رضا گیلانی کے درمیان فیصلہ کن معرکہ متوقع ہے۔