تحریک انصاف سندھ کااجلاس ‘ گورنر سندھ کو ہٹانے کا مطالبہ

122

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف سندھ کے ناراض رہنماؤں نے سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے کے معاملے پر اپنی توپوں کا رخ گورنر سندھ کی طرف موڑ دیا ہے اور پارٹی قیادت سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔ تحریک انصاف سندھ کے ناراض اراکین کا ایک اجلاس کراچی میں گل محمد رند کی رہائش گاہ پر ہوا۔ جس میں اللہ بخش انڑ، لیاقت علی خان جتوئی، اکبر خان بنگوار، صداقت علی خان جتوئی، محفوظ عرسانی، کریم علی خان جتوئی سمیت جتوئی گروپ کے دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ میں پارٹی میں اختلافات اور ناراض رہنماؤں کے تحفظات سے متعلق پارٹی قیادت کو خط بھیجنے کی منظوری دی گئی، جس میں کہا گیا کہ سینیٹ کے انتخابات میں گورنر سندھ نے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کی جبکہ ملیر، سانگھڑ اور تھرپارکر میں ناقص حکمت عملی سے تحریک انصاف کو ضمنی انتخابات میں شکست ہوئی ہے۔اجلاس میںلیاقت جتوئی کو دیاگیا پارٹی نوٹس واپس لینے اور لیاقت جتوئی سے معذرت کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس میں ایک رہبرکمیٹی پارٹی رہنما اللہ بخش انڑ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی۔ رہنماؤں نے وزیراعظم پرواضح کیا کہ2021ء کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے، گورنر سندھ کے رویے کے باعث پارٹی دھڑے بندی کا شکار ہورہی ہے، اجلاس میں گورنر سندھ پر عدم اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ گورنرسندھ کسی مضبوط، جفاکش، وفادار شخص کو بنائیں۔