پیٹرولیم قیمتوں میںپھر 20روپے اضافے کی تیاری

351

اسلام آ باد ‘کراچی(صباح نیوز +آن لائن + مانیٹر نگ ڈ یسک +اسٹاف ر پورٹر) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافے کی تجویز دے دی۔ذرائع کے مطابق اوگرا نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے7پیسے اضافے کی تجویز دی ہے جس کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 19 روپے61 پیسے اضافے کی تجویز دی ہے۔ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی مجوزہ قیمتوں کا تعین 30 روپے فی لیٹرلیوی کی بنیاد پر کیا گیا ہے، فی لیٹر پیٹرول پر موجودہ عاید لیوی 17 روپے 97 پیسے جب کہ فی لیٹر ڈیزل پر موجودہ عاید لیوی 18روپے 36 پیسے ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے تاہم وزارت خزانہ حتمی فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔علاوہ ازیں ملک میں 20 کلو آٹے کا تھیلا مزید 5 روپے مہنگا ہوگیا۔ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق 20 کلو آٹے کاتھیلا 950 روپے سے بڑھ کر 955 روپے کاہوگیا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مرغی کاگوشت 5روپے فی کلومہنگا ہوا، مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 225 روپے سے بڑھ کر230 روپے تک پہنچ گئی ہے۔اس کے علاوہ رواں ہفتے دال چنا3روپے فی کلو مہنگی ہو گئی، ایک ہفتے کے دوران 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے ٹماٹر2روپے،پیاز ایک روپے، گڑ 20 پیسے فی کلو سستا ہوا۔دوسری جانبسندھ ہائی کورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے یکم اپریل کو قیمتوں کے تعین کا طریقہ بھی بتانے کا حکم دیدیا ۔ سندھ ہائی کورٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی ۔عدالت کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کب جواب دے گی؟ کیوں قیمتیں بڑھا رہے ہیں؟ عدالت میں وزارت خزانے کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ قیمت کا تعین اوگرا کرتی ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ عدالت نے اوگرا سے جواب طلب کرتے ہوئے یکم اپریل کو قیمتوں کے تعین کا طریقہ بھی بتانے کا حکم دے دیا۔