بدعنوان آبپاشی افسران آبادگار و زراعت دشمن ہیں، عبدالحق مہر

180

سکھر (نمائندہ جسارت) جے یو آئی سندھ کونسل کے ممبر یوسی اروڑ کے امیر اور آبادگار رہنما مولانا عبدالحق مہر نے نارا کینال آبپاشی افسران کو کرپٹ آبادگار و زراعت دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبپاشی افسران کی کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے سندھ کی تاریخی نہر نارا کینال تباہی کے کنارے پہنچ چکی ہے، افسران اپنی نااہلی اور کرپشن کو آبادگاروں اور 50 سال سے آباد دیہاتی عوام پر ڈال کر ان کے گھروں کو مسمار کر کے چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں جوکہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی افسران کی کرپشن اورنااہلی کی وجہ سے ڈھائی سو فٹ کا نارا کینال بندوں کو کاٹتے کاٹتے اب ساڑھے 3 سو فٹ سے بڑھ گیا ہے، ایک سڑک پانی میں بہہ گئی، دوسری سڑک بنائی گئی وہ بھی خطرہ میں ہے، نارا کینال کے نام پر عیاشیاں کرنے والے افسران نے کبھی نارا کینال کا وزٹ بھی نہیں کیا، جے یو آئی و آبادگار رہنما کا کہنا تھا کہ ہر سال نارا کینال کی بھل صفائی اور بندوں کی مرمت کے لیے اربوں روپے آتے ہیں جوکہ افسران ہڑپ کر جاتے ہیں، ہم عدالت عالیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان کا احتساب کریں۔ مولانا عبدالحق مہر نے مزید کہا کہ انگریز دور کی اس تاریخی نہر کے کنارے بہت خوبصورت سڑک ہوا کرتی تھی جس کے دونوں کناروں سے درختوں کی قطاریں ہوتی تھیں، آج وہاں ایک درخت بھی نظر نہیں آتا جبکہ بارشوں کی وجہ سے سڑک پربھی جگہ جگہ گڑھے پڑے ہوئے ہیں مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت گڑھوں میں مٹی ڈال کر راستہ بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی افسران کو صرف ہمارے ٹیوب ویل مشینوں کو اٹھانے اور گھروں کو مسمار کرنے کی ڈیوٹی ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم 60 سال سے تمام بنیادی سہولتوں سے محروم ان بیابانوں ویرانوں میں بسیرا کر کے کھیتی باڑی کر کے ملک کوخوشحال بنارہے ہیں اور اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالت عالیہ اور حکومت سندھ سے اپیل کرتے ہیں کہ خدارا ہمارے گھروں کو گرانے اور ٹیوب ویل مشینوں کو اٹھانے سے روک کر غریب لوگوں کو فاقہ کشی سے بچایا جائے۔