چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا دورہ امارات

96

راولپنڈی(آن لائن)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اپنے متحدہ عرب امارات کے 2روزہ سرکاری دورے کے موقع پر یو اے ای کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل حماد محمد ثانی سے ملاقات کی ۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے تینوں مسلح افواج کے سربراہان کے ساتھ بھی ملاقاتیں کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں کے دوران مختلف شعبوں میں باہمی دلچسپی کے امور ،سلامتی سمیت دوطرفہ تعاون،انسداد دہشت گردی اور خاص طور پر کشمیر اور افغانستان کے تناظر میں علاقائی سیکورٹی ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی رابطوں کے سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھانے پر بھی بات چیت کی گئی اور گہرے اسٹرٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے ابوظبی میں عالمی دفاعی نمائش و کانفرنس اور بحری دفاعی و میری ٹائم سیکورٹی نمائش کا بھی دورہ کیا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاکستان سے مختلف اداروں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز اور پاک بحریہ کے بحری جہازوں کا بھی دورہ کیا، ۔انہوں نے دفاع سے متعلق پاکستان میں مقامی سطح پر تیار ہونے والے سازوسامان کی عالمی سطح پر نمائش میں ان اداروں کی کوششوں کو سراہا۔نمائش کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے اٹلی کے چیف آف ڈیفنس سے ملاقات کی ۔