محکمہ اطلاعات حکومت و میڈیا کیلیے پل کا کردار ادا کرتاہے‘رفیق احمد برڑو

192

کراچی (نمائندہ جسارت) سیکرٹری محکمہ اطلاعات سندھ رفیق احمد برڑو نے کہا ہے کہ محکمہ اطلاعا ت حکومت سندھ کا اہم ترین محکمہ ہے کیونکہ یہ حکومت اور میڈیا کے مابین پل کا کردار ادا کرنے کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے حکومتی اقدامات کی تشہیر کے فرائض بھی انجام دیتا ہے، سخت محنت، لگن اور اخلاص کے ساتھ فرائض کی ادائیگی سے نہ صرف افسران اپنی صلاحیتوں کا
بہتر استعمال کرسکتے ہیں بلکہ اس کے ذریعے محکمے کی کارکردگی کو بھی بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصبسنبھالنے کے بعد محکمہ اطلاعات کے مختلف شعبوں کے ڈائریکٹروں کے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر پلاننگ غلام ثقلین، ڈائریکٹر سوشل میڈیا اسلم پرویز جتو ئی، ڈائریکٹر پریس ذوالفقار علی شاہ، ڈائریکٹر اطلاعات محمد سلیم خان، ڈائریکٹر پبلیکیشن اخترعلی سورہیو، ڈائریکٹر اشتہارات عزیز احمد ھکڑو، ڈائریکٹر فلم شبیہ صدیقی، ڈا ئریکٹرآر اینڈ آر محمد علی ریا ض میمن، ڈائریکٹر لیگل حزب اللہ میمن اور ڈائریکٹر الیکٹرونک میڈیا محمد ظفر خان شریک ہوئے۔ سیکرٹری اطلاعات نے سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کی بڑھتی ہوئی اہمیت کے پیش نظر اس کے بھرپور استعمال کی ضرورت پر زور دیا تا کہ عوام تک حکومتی اقدامات بروقت پہنچانے کے ساتھ بے بنیاد اور جھوٹی خبروں کی تردید کی جا سکے۔ انہوں نے اس ضمن میں افسران کی مسلسل تربیت کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے بھرپور اقدامات کی ہدایت کی۔ سیکرٹری اطلاعات نے اشتہارات کی منصفا نہ تقسیم اور شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ افسران اپنی ذمے داریاں قانون کے مطابق ادا کریں اور فرائض کی ادائیگی میں دیانت اور ایمانداری کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران ان کی ٹیم کا حصہ ہیں اور وہ ان کے مسائل کے حل کے لیے ہرممکن اقدامات کریں گے تاکہ وہ مزید یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ٹیم کی طرح کام کرکے ہی محکمہ اطلاعات کے امیج کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر تمام شعبوں کے ڈائریکٹروں نے اپنے متعلقہ ڈائریکٹوریٹ کے بارے میں سیکرٹری اطلاعات کو تفصیلی بریفنگ دی۔