پی آئی اے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافے کیلیے وزیراعظم کو خط

114

کراچی (نمائندہ جسارت) قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے سابق جنرل منیجر تعلقات عامہ چودھری بشیر احمد اور پی آئی اے کے سابق ملازمین کی تنظیم پی آئی اے ریٹائرڈ ایمپلائز یونین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ بناتے وقت پی آئی اے کے سابق ملازمین کی پنشن میں اضافے پر بھی ہمدردانہ غور کیا جائے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے نام مکتوب میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کو بھی یا تو مجموعی تنخواہ کا 32 فیصد بطور پنشن ادا کیا جائے یا پھردیگر سرکاری اداروں کی طرح بنیادی تنخواہ کا 50 فیصد دیا جائے، دیگر سرکاری محکموں کی طرح پی آئی اے کے ملازمین کو بھی پنشن کمیوٹ کرنے کا اختیار دیا جائے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اس اہم مسئلے پر فوری طور پر ایکشن لینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مکتوب میں توجہ دلائی ہے کہ دیگر سرکاری محکموں کے برعکس پی آئی اے کے ملازمین کی پنشن میں گزشتہ 11 برس میں محض 2 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، پی آئی اے ریٹائرڈ ملازمین بھی بڑھتی مہنگائی سے شدید متاثر ہیں، دیگر صوبائی اور وفاقی اداروں کے ملازمین کا تو خیال رکھا جارہا ہے مگر پی آئی اے کے ریٹائرڈ ملازمین کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ پی آئی اے انتظامیہ اپنے ملازمین کو 2003ءسے تنخواہ کا صرف 32 فیصد بطور پنشن ادا کر رہی ہے، اس پر اب مزید ستم یہ کردیا گیا ہے کہ یہ 32 فیصد بھی بنیادی تنخواہ میں سے دیا جا رہا ہے جبکہ دیگر سرکاری ملازمین کو ان کی تنخواہ کا 50 فیصد ادا کیا جاتا ہے۔