بزنس کمیونٹی کو بینک خوف زدہ کررہے ہیں

380

حیدرآباد (کامرس ڈیسک) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم الدین قریشی اور سب کمیٹی برائے بینکنگ اَمور کے کنونیئر شیخ شان الٰہی سہگل نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی سے متعلق اکائونٹس ہولڈرز کو بینک انتظامیہ خوف زدہ کررہی ہے اور نئے نئے طریقہ کار میں ا‘لجھایا جاتا ہے۔ پہلے اکائونٹ ہولڈر اگر پیسے بینک اکائونٹ میں جمع کرانے جاتا تھا یا اُس کا کوئی ملازم جاتا تھا تو اُس سے قومی شناختی کارڈ طلب کیا جاتا تھا۔ جبکہ اکائونٹ ہولڈر کے تمام کوائف بینک کے ریکارڈ میں موجود ہوتے ہیں اور تصدیق آن لائن ہوسکتی ہے جس میں اکائونٹ ہولڈر کا فوٹو اور شناختی کارڈ نمبر سب موجود ہوتے ہیں۔ لہٰذا اکائونٹ ہولڈر سے قومی شناختی کارڈ طلب کرنا جبکہ کریڈٹ سلپ پر اُس کے خود کے دستخط موجود ہوں کسی طرح بھی قرین انصاف نہیں ہے۔ لیکن اَب بعض بینکوں میں نئی اختراع شروع کی گئی ہے کہ اگر بزنس کمیونٹی سے متعلق اکائونٹ ہولڈر کسی ملازم یا منیجر کو اکائونٹ میں رقم جمع کرانے یا یوٹیلیٹی بلز بھرنے کے لیے روانہ کرتا ہے تو اُس کے شناختی کارڈ کے ساتھ ساتھ اَب ایک فارم بھی بھروایا جاتا ہے۔