بائیکو پٹرولیم کا مالی سال کی پہلی ششماہی کے لیے نتائج کا اعلان

312

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بائیکو پٹرولیم پاکستان لمیٹڈ( ’’ بائیکو‘‘) نے 31 دسمبر2020 کو ختم ہونے والی ششماہی کے لیے مالیاتی نتائج کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کی مجموعی آمدن تیل کی قیمتوں میں کمی اور کورونا وائرس کے معیشت پر پڑنے والے اثرات کے باعث20 فیصد کمی کے ساتھ گزشتہ سال کی مدت میں125.6 بلین سے کم ہو کر 100.1 بلین روپے ہوگئی ۔ تاہم بائیکو کے مجموعی منافع میں کروڈ اور فرنس آئل کی موزوں قیمتوں کے باعث30فیصد اضافہ دیکھا گیاجو گزشتہ 2.5 بلین روپے کے مقابلے میں 3.3 بلین روپے ہوگیا۔کمپنی کاآپریٹنگ منافع اخراجات میں کمی پر سخت قواعدو ضوابط کے اطلاق کے نتیجے میں 20 فیصد اضافہ کے ساتھ گزشتہ سال کے 1.9 بلین روپے کے مقابلے میں 2.3 بلین روپے ہو گیا۔کمپنی کا خالص منافع بڑھ کر 961ملین روپے یا 0.18 فی حصص ہوگیا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ منافع 213 ملین روپے یا 0.04روپے فی حصص تھا۔جس میں گزشتہ سال کی نسبت 4.5 گنا اضافہ ہوا۔کورونا وائرس کی عالمی وبا صنعت و حرفت میں غیر معمولی گراوٹ کا باعث بنا لیکن کاروباری اداروں نے نئے معمول کے مطابق خود کو ڈھالناشروع کیا ہے۔عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں اور پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کے کھپت میں اضافہ ہوا اس کے باوجود پریمیئم موٹر گیسولین ( پی ایم جی(اور ہائی سپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی( کی قیمتوں کے درمیان فرق میں کمی کی وجہ سے ریفائننگ کا مارجن دبائو کا شکار رہا ۔