سی پیک سے تجارت بڑھے گی‘ سری لنکا فائدہ اٹھائے، عمران خان۔مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

290

کولمبو(خبر ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری علاقائی ترقی کا اہم منصوبہ ہے جس سے سری لنکا بھی استفادہ کرسکتا ہے، پاکستان اور سری لنکا نے دہشت گردی کے مشترکہ مسئلے کا سامنا کیا ، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی امن و امان سے مشروط ہے ۔ پاکستان میں سیاحت اور ثقافت کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ سری لنکن وزیراعظم کے ساتھ کولمبو میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ سری لنکا دورے کی دعوت اور شاندار میزبانی پر وزیراعظم مہندا راجا پاکسے کا مشکور ہوں ۔ سری لنکا کا پہلا دورہ اس وقت کیا جب کرکٹ کیرئر شروع کررہا تھا ۔ سری لنکن ٹیم کو ٹیسٹ اسٹیٹس دلانے میں کردار آج بھی یاد ہے۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو عالمی درجے کی ٹیم بنانے اور پاکستان میں سری لنکا کا ورلڈ کپ جیتنا بھی یاد ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سی پیک کا اہم جزو ہے جو علاقائی روابط کے فروغ کی نئی راہیں کھولے گا۔ سی پیک کے ذریعے اقتصادی رابطے وسط ایشیا اور سری لنکا تک بڑھائے جاسکتے ہیں ۔ سری لنکا کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان کے ذریعے اپنے اقتصادی و علاقائی روابط کو فروغ دے۔ انہوںنے مزید کہاکہ پاکستان 10سال بدترین دہشت گردی کا شکار رہا اور 70ہزار جانوں کی قربانی دی۔ سری لنکا بھی بدترین دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔ پاکستان نے مشکل وقت میں سری لنکا کی بہت مدد کی۔ پاکستان اور سری لنکا مل کر تجارتی و اقتصادی ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کو ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جنہیں مواقع میں بدلنا ہے ۔ کورونا وبا کی صورت میں پاکستان اور سری لنکا جیسے ترقی پذیر ملکوں کے لیے ایک اور بڑا چیلنج سامنے آیا ہے ۔ وزیراعظم مہندا راجاپاکسے کے ساتھ مل کر کورونا سے نمٹنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔ امریکا نے کورونا سے نمٹنے کے لیے 3ہزار ارب ڈالر کا پیکج دیا۔ پاکستان کی آبادی 22کروڑ ہے تاہم ہم صرف 8 ارب ڈالر کا پیکج دے سکے ۔ پاکستان دنیا میں کئی قدیم تہذیبوں کا امین ملک ہے ۔ گندھارا کی صورتحال میں ہمارے پاس انتہائی قدیم بدھ مت کی تہذیب موجود ہے جبکہ سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاسکے نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ مذاکرات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ پاکستان اور سری لنکا میں آزادانہ تجارتی فریم ورک کو حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا۔ دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت اور ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون پر بھی بات ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بدھ مت کے کئی مقدس مقامات ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان اور میں نے جنوبی ایشیامیں پائیدار معاشی ترقی کے لیے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق کیا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان خصوصی طیارے میں کولمبو پہنچے تو بچوں نے انہیں پھول پیش کیے۔ سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکسا نے ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا۔ وزیراعظم کو سلامی کے چبوترے پر لے جایا گیا جہاں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ عمران خان کے اعزاز میں توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ بعد ازاں دونوں وزرائے اعظم کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفود کی سطح پر مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، زراعت، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال گیا۔ اس کے علاوہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 5مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان آج جوائنٹ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔