کوٹری ،محکمہ انسداد رشوت ستانی رشوت بٹورنے میں مصروف

208

کوٹری (بیورورپورٹ) محکمہ انسداد رشوت ستانی وبدعنوانی جامشورو مال بٹورنے میں مصروف۔ انسداد رشوت ستانی کا عملہ سرکاری دفاتر اور رہائشی اسکیموں کو نوٹسز اجرا کرکے افسران اور بلڈرز کو ہراساں کرنے لگا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جامشورو زون میں پرائیویٹ افراد سے کام لیا جانے لگا۔ سرکل افسران نے بھی مال بٹورنے کے لیے مخصوص اہلکار مقرر کردیے۔ سال سے جاری انکوائریز التواءکا شکار، ڈپٹی ڈائریکٹر جامشورو زون نے بھی چشم پوشی اختیار کرلی۔ محکمہ انسداد رشوت ستانی وبدعنوانی جامشورو زون کے سرکلز جامشورو، ٹھٹھہ، دادو، سجاول میں بدعنوان افسران نے بدعنوانی اور رشوت کی روک تھام کے بجائے خود مال بٹورنا شروع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جامشورو سمیت دیگر اضلاع میں سرکل افسران نے سرکاری دفاتر سمیت تاجر اور بلڈرز کو نوٹسز کا اجراءکرکے تحقیقات کے نام پر ہراساں کیا جانے کا عمل جاری ہے۔ اینٹی کرپشن جامشورو زون کرپشن ختم کرنے کے بجائے مبینہ مال بٹورنے میں مصروف عمل دکھائی دیتا ہے۔ اینٹی کرپشن جامشورو زون میں پرائیویٹ افراد سے کام لیا جانے لگا ہے۔ سرکلز افسران نے مال بٹورنے کے لیے مخصوص اہلکاروں کو مقرر کیا ہوا ہے جوکہ نوٹسز کے ذریعے سرکاری افسران اور کاروباری حضرات کو مقدمہ درج کرنے کی دھمکی دے کر ہراساں کرتے ہیں، پھر ان سے بھاری نذرانہ کا تقاضہ کیا جاتا ہے۔ انسداد رشوت ستانی جامشورو کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے سرکاری دفاتر میں عوامی مسائل حل ہونے کے بجائے مزید گمبھیر بنتے جارہے ہیں، شہری رشوت کی عدم ادائیگی کے سبب جائز کاموں کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر پر چکر کاٹنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب ڈپٹی ڈائریکٹر جامشورو زون کے دفتر میں رشوت کی رقم سے پرائیویٹ افراد کو کام پر رکھا گیا ہے، جن سے شکایات پر نوٹسز اور بیان بنانے کا کام لیا جاتا ہے، جن کا ادارہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جامشورو زون میں برسوں سے جاری انکوائریز التواءکا شکار بنی ہوئی ہیں، جس میں بدعنوان افسران نے مبینہ رشوت لے کر تحقیقات کو دبا رکھا ہے، جس کی آگاہی طلب کرنے پر غیر معقول عذر پیش کیا جاتا ہے کہ تحقیقات مکمل ہوچکی ہے، اجازت کے لیے کمیٹی کو بھیجا ہے، اجازت نہیں ملی، کمیٹی کا اجلاس نہیں ہوا وغیرہ وغیرہ۔ زیر التواءانکوائریز میں صنعتی زون کوٹری کے رفاعی پلاٹ فروخت کرنے سندھ یونیورسٹی کی زمین پر قبضہ، غیر قانونی رجسٹریاں، سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ترقیاتی کاموں اور غیرقانونی بھرتیوں، ترقیوں محکمہ خزانہ جامشورو میں خوردبرد، سول اسپتال کوٹری، ورک اینڈ سروسز کے علاوہ دیگر انکوائریز بدعنوان افسران کی مبینہ نااہلی کے سبب برسوں سے التواءکا شکار ہیں۔ اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر جاوید احمد ہالیپوتہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے کال موصول نہیں کی۔ دوسری جانب شہری وسماجی حلقوں نے چیئرمین اینٹی کرپشن سندھ سے معاملے کا نوٹس لے کر بدعنوان اہلکاروں کےخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔